شام میں دو آسٹریلوی شہریوں کی ہلاکت

سڈنی ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلوی حکومت ان اطلاعات کی تصدیق کی کوشش کر رہی ہے کہ اس کے دو شہری جو دولت اسلامیہ کی جانب سے جنگ میں شامل ہونے گئے تھے وہ عراق میں مارے گئے ہیں۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق خالد شروف اور محمد العمر عراق میں جنگ کے دوران مارے گئے ہیں۔یہ دونوں افراد گذشتہ سال اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے جب انھوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کٹے ہوئے سر کی تصاویر پوسٹ کیں۔آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ نے منگل کو کہا کہ حکومت ان میں سے ایک موت کے تصدیق کے بہت قریب ہے۔انھوں نے کہا کہ العمر کی موت کے بارے میں تصدیق کے امکانات بہت قوی ہیں جبکہ شروف کے بارے ہم لوگ ابھی تک رپورٹ کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔آسٹریلیئن براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے مطابق ان دونوں کے اہل خانہ سے قریبی تعلق رکھنے والے ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں حالیہ دنوں یا تو جنگ میں یا پھر ڈرون حملے میں مارے گئے ہیں۔جولی بشپ نے منگل کو بتایا کہ العمر کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ موصل میں تھے اور وہاں حالیہ دنوں کئی فضائی حملے ہوئے ہیں۔