شام میں حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو ’نامعلوم‘ میزائل حملے میں تباہ

دوبئی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حمص کے قریب الضبعہ نامی ہوائی اڈے کو نامعلوم فریق کی جانب سے میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کا نشانہ بننے والی تنصیبات سمیت اس بات کا تعین نہیں ہو سکا کہ حملہ کس نے کیا ہے۔درایں اثنا انسانی حقوق کی آبزرویٹری نے دعوی کیا ہے کہ جمعرات کی شب میزائل حملے میں امکانی طور پر حمص کے الضبعہ فوجی ہوائی اڈے کے قریب لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔آبزرویٹری کے مطابق حمص میں الضبعہ ہوائی اڈے اور قریبی شہر کے مغربی علاقے پر چھ میزائل داغے گئے جن کا ہدف حزب اللہ کے اسلحہ گودام تھے۔ انسانی حقوق آبزرویٹری کا کہنا تھا کہ غالب امکان ہے کہ میزائل حملہ اسرائیل نے کیا۔ یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیل نے شام میں حملہ کیلئے لبنانی فضائی حدود استعمال کیں۔ پنٹگان نے تردید کی کہ شام کے الضبعہ فوجی ہوائی اڈے پر میزائل حملے میں واشنگٹن یا پھر بین الاقوامی اتحاد نے حصہ لیا ہے۔