شام میں جہادیوں کی پیشقدمی، 85 فوجی ہلاک

بیروت ، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں نے 85 فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شامی تنازعے میں یہ شدت پسند گروہ بھی جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ خبررساں ادارہ اے ایف پی نے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعہ 25 جولائی کو اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں نے الرقہ نامی شہرکی طرف پیشقدمی کرتے ہوئے شامی فورسز کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ اس مانیٹرنگ گروپ کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران اسلامک اسٹیٹ نے کم ازکم 85 فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ اس کارروائی کے دوران دیگر تقریباً 200 فوجیوں کے ہلاک ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ برطانیہ میں قائم اس مانیٹرنگ گروپ کے ترجمان رامی عبدالرحمان نے آج بتایا کہ جہادیوں کی پیشقدمی کے نتیجے میں شامی فوج، ڈویڑن 17 کے فوجی اڈے سے پسپا ہو گئی لیکن فضائی حملوں کے خوف سے جنگجوؤں نے مزید پیشقدمی نہیں کی ہے۔ رامی کے بقول اس کارروائی میں اسلامک اسٹیٹ کے اٹھائیس جنگجو بھی مارے گئے ہیں، ’’اس کارروائی میں پسپا ہونے کے بعد سینکڑوں فوجی محفوظ مقامات کی طرف فرار ہو گئے ہیں۔