ارکان پارلیمنٹ سے تائید کرنے وزیر اعظم کیمرون کی اپیل
لندن 26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون نے عراق سے شام میں آئی ایس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی اپنی مہم میں توسیع کے منصوبہ کا اعلان کیا ۔ وزیر اعظم برطانیہ نے ایوان عام میں ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ علاقہ میں امریکی زیر قیادت حملوں کی تائید کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ برطانیہ کے قومی مفاد میں ہے اور برطانیہ خود کو اس سے الگ تھلگ رکھتے ہوئے دوسرے ملکوں کو بوجھ برداشت کرنے پر مجبور کرنے کا متقاضی نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں اپنے بیان میں سوال کیا کہ اگر یہ کارروائی اب نہیں کی گئی تو پھر کب کی جائیگی ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ جتنے طویل وقت تک آئی ایس کو شام میں پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کیا جائیگا اتنی ہی اس سے خطرات بڑھتے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کیلئے یہ مناسب نہیں ہے کہ وہ اپنی سکیوریٹی کی ذمہ داری دوسرے ممالک پر عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کے فضائی عملہ پر یہ بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا کہ صرف وہی شام میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے کا بوجھ برداشت کریں۔