بیروت ، 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردوں نے شام کے مختلف علاقوں میں تازہ حملے کیے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے گزشتہ روز بتایا ہے کہ شامی کرد علاقے کوبانی کے علاوہ شمالی اور جنوبی علاقوں سے نئی جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بیان کے مطابق اتوار کی صبح امریکی اتحادی ممالک کی فضائیہ نے کوبانی کے قریب تازہ حملے کیے، جن میں گیارہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ادھر صوبہ ادلب میں القاعدہ سے وابستہ النصرہ فرنٹ نے متعدد دیہات اپنے کنٹرول میں لے لیے ہیں۔ النصرہ فرنٹ نے اپنی تازہ پیشقدمی میں خان السبل نامی علاقے میں اعتدال پسند باغی گروہ حرکت الحزم کو بھی پسپا کر دیا ہے۔