طرابلس ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹافن ڈی مستورا نے جنگ زدہ ملک میں اقتدار کی منتقلی سے متعلق ایک دستاویز جاری کردی ہے۔ان کا کہنا ہیکہ شامی حزب اختلاف اور حکومت کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات کے باوجود اس بات میں اتفاق پایا جاتا ہیکہ عبوری نظم ونسق میں موجودہ حکومت ، حزب اختلاف ،آزاد جماعتوں کے نمائندے اور دوسرے شامل ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے جنیوا میں دو ہفتے تک شامی حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات کے بعد جمعرات کو یہ دستاویز جاری کی ہے۔البتہ ان کا کہنا ہیکہ شامی حکومت اور حزب اختلاف کے بڑے گروپ کے درمیان بعض مشترکہ باتوں کے باوجود سیاسی انتقال اقتدار کے حوالے سے ویڑن میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا ہیکہ بین الاقوامی شام سپورٹ گروپ میں شامل بڑی عالمی اور علاقائی طاقتوں کو بنیادی ایشوز کی وضاحت کیلئے مدد دینا ہوگی تاکہ مستقبل میں ہونے والے مذاکرات کے ادوار میں ایک قابل عمل سیاسی انتقال اقتدار کیلئے کسی سمجھوتے تک پہنچا جا سکے۔