شام دنیا کا سب سے خطرناک ملک

دمشق ۔30 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) دنیا انسانوں کیلئے پہلے سے زیادہ خطرناک ہوگئی ،عالمی امن سے متعلق بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق شام دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار پایا ہے۔گلوبل پیس انڈیکس نے قیام امن سے متعلق دنیا کے 163ممالک کی درجہ بندی کی ہے۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر افغانستان ،تیسرا سوڈان کا ہے۔گلوبل پیس انڈیکس نے رپورٹ اندرونی بحرانوں سے ہونے والی ہلاکتوں،قتل و سیاسی خوف و ہراس سمیت 23مختلف عوامل کو مدنظر رکھ کر بنائی ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں مسلسل چوتھے سال امن کی صورتحال خراب ہوئی ہے جس کے بعد امن ناپید ہورہا ہے ،عراق بدترین ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔عالمی امن سے متعلق رپورٹ میں پانچویں نمبر پر یمن او ر چھٹے نمبر پر کانگو ہے ، روس کو دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ پاکستان تیرہویں نمبر پر ہے۔درجہ بندی کے مطابق شمالی کوریا چودہویں ،ترکی 15ویں ،اسرائیل 18، مصر 22،فلسطین 23اور ہندوستان 28ویں پوزیشن پر ہے۔محض ساڑھے 3 لاکھ آبادی پر مشتمل یورپ کا ملک آئس لینڈ گزشتہ 10سال سے بدستور دنیا کا پر امن ترین خطہ قرار دیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ، آسٹریا،پرتگال اور ڈنمارک پانچ پرامن ترین ملکوں میں شامل ہیں۔