شام : بازیابی کی کوشش جاری ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔ 30 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام میں یرغمال بنائے جانے والے یو این امن مشن کے عہدیدار خیر و عافیت سے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔جمعہ کی رات گئے نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ عہدیدارنے بتایا کہ جولان کے پہاڑی علاقے سے شدت پسندوں کی طرف سے اغوا کیے گئے 44 اہلکار محفوظ ہیں۔ فجی سے تعلق رکھنے والے یو این امن مشن کے ان اہلکاروں کو جمعرات کے دن قنیطرہ کے علاقے سے اغوا کر لیا گیا تھا۔ابتدائی طور پر کہا گہا تھا کہ اس کارروائی کے پیچھے دہشت گرد گروہ القاعدہ سے منسلک انتہا پسند گروہ النصرہ فرنٹ بھی شامل ہے لیکن اقوام متحدہ کے تازہ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس کے اہلکاروں کو کس نے اغوا کیا ہے۔اس عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اس کا اپنے اغوا شدہ اہلکاروں سے کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہو سکا ہے لیکن باوثوق ذرائع سے ان کی خیریت معلوم ہو چکی ہے۔