شام اور عراق میں ’’داعش‘‘ کے ٹھکانوں پر اتحادیوں کے 15 حملے

واشنگٹن۔ 29 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی سنٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ تین دنوں کے دوران عراق اور ایران میں دولت اسلامی ’’داعش‘‘ کے ٹھکانوں پر 15 فضائی حملے کر کے تنظیم کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔امریکی سنٹرل کمانڈ کے بیان کے مطابق چہارشنبہ، جمعرات اور جمعہ کے روز شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں، گاڑیوں اور ان کی دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر 13 جبکہ شام میں دو فضائی حملے کئے گئے۔ شام میں فضائی حملوں کے دوران کوبان اور حلب میں ’’داعش‘‘ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ عراق میں کرکوک محاذ جنگ میں داعش کے اسلحہ ڈپو، گاڑیوں اور بلڈوزروں کو تباہ کیا گیا۔ موصل میں داعش کے پانچ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ رمادی میں فضائی حملوں میں داعش کے دو ٹھکانے تباہ اور تنظیم کے سیکڑوں جنگجو ہلاک کئے گئے۔
علاوہ ازیں الرطبہ، فلوجہ اور بیجی میں بھی داعشی جنگجوئوں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔