شامی کیمیائی ہتھیار، مہلت کے مطابق تلفی غیر ممکن : یو این

نیو یارک، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کیلئے مقرر کی گئی 30 جون کی قطعی مہلت پوری نہیں ہو پائے گی۔ اقوام متحدہ کی طرف سے شام میں کلورین گیس کے استعمال پر بھی اظہار تشویش کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے مطابق ’’شامی کیمیائی ہتھیاروں کی بین الاقوامی معائنہ کاروں کو حوالگی کیلئے 27 اپریل کی مہلت مقرر کی گئی تھی، لیکن یہ ڈیڈ لائن بھی پوری نہیں کی گئی کہ ابھی تک آٹھ فیصد کیمیائی ہتھیار شام نے عالمی معائنہ کاروں حوالے نہیں کئے ہیں‘‘۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی تائید سے امریکہ اور روس نے پچھلے سال شام کے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کیلئے ایک معاہدے پر اتفاق کیا تھا جس کے تحت تمام کیمیائی ہتھیار 30 جون تک تلف کئے جانا لازمی قرار پایا تھا۔ لیکن بان کی طرف سے سلامتی کونسل کو 23 مئی کو لکھے گئے خط میں یہ نشاندہی کی گئی ہے کہ 30 جون کی ڈیڈ لائن پوری ہونا مشکل ہو گیا ہے۔

نیپال سے 155 قیدیوں کی
یوم جمہوریہ پر رہائی
کٹھمنڈو 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نیپالی حکومت نے مختلف جیلوں میں قید 135 قیدیوں کو رہا کردیا ہے جبکہ یہ ملک آج اپنے 7 ویں یوم جمہوریہ منارہا ہے۔صدر رام برن یادو نے 135 قیدیوں کو بقیہ قید سے استثنادے دیا۔ نیپال کی پہلی اسمبلی نے 26 مئی 2008 ء کو اپنی میٹنگ میں ووٹنگ کے ذریعہ 140 سالہ قدیم بادشاہت ختم کردی تھی ، اور سابقہ شاہی حکومت جمہوریہ قوم بن گئی۔