بیروت ، 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 15 فلسطینیوں کی شامی دارالحکومت دمشق کے ایک محاصرہ بند رفیوجی کیمپ میں ستمبر سے بھوک اور افلاس کے باعث موت ہوچکی ہے، اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزیں نے آج یہ بات کہی۔
یو این ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے ترجمان کرس گیونس نے فرانسیسی خبررساں ادارہ کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے اواخر اطلاعات موصول ہوئیں کہ دمشق میں یرموک کے رفیوجی کیمپ میں کم از کم پانچ فلسطینی پناہ گزینوں کی غذا کی کمی کی وجہ سے موت ہوئی ، جس سے اس طرح کی جملہ اموات کی تعداد 15 ہوگئی۔ انھوں نے اس کیمپ کی بگڑتی صورتحال کے تعلق سے متنبہ کیا،
جہاں لگ بھگ 20,000 فلسطینی پھنسے ہیں، جنھیں معقول مقدار میں کھانا تک میسر نہیں اور وہ طبی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ستمبر 2013ء سے ہم اس علاقہ میں داخلے سے قاصر ہیں اور اشد ضروری راحت رسانی کے باوجود پناہ گزینوں تک امداد نہیں پہنچا سکے ہیں۔