بیروت۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں واقع شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے صوبہ رقہ میں صدر بشارالاسد کے فورسیس اور اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے جنگجوؤں کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری جھڑپوںمیں 64 افراد کو ہلاک کردیا گیا۔ شام کے شمالی صوبہ رقہ میں یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب شامی فوج اس راستہ سے گذرتے ہوئے پڑوسی علاقہ دیرالزور کی سمت پیش قدمی کررہی تھی۔ دیرالزور جنگ زدہ ملک شام کا واحد صوبہ باقی رہ گیا ہے جہاں ہنوز داعش کے جہادیوں کا قبضہ ہے۔ شامی رصد گاہ نے کہا کہ دیرالزور کے قریب صوبہ رقہ کے مشرق میں دریائے فرات کے کنارہ پر واقع دیہاتوں میں گزشتہ 6 دن سے جاری لڑائی میں 145 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکی فوج میں زنخوں کو خدمات انجام دینے کی اجازت ؟
واشنگٹن ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکی وزیر دفاع جیمس میاٹس نے آج ایک یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے امریکی فوج میں زنخوں کی بھرتی اور خدمات انجام دینے کی راہ ہموار کردی ۔ ان کا کہنا ہے کہ فی الوقت زنخوں کو فوج میں خدمات انجام دینے کا موقع دیا جانا چاہئے جب کہ اسی اثناء میں وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس حکمنامہ کا گہرائی سے مطالعہ کریں گے جس میں انہوں نے امریکی فوج میں زنخوں کی بھرتی پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ یاد رہے کہ ٹرمپ نے صرف ایک ہفتہ قبل ہی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے جس کے ذریعہ امریکی فوج میں زنخوں کی بھرتی پر امتناع عائد کیا گیا تھا جو انہوں نے اپنے پیشرو بارک اوباما کے ایک حکمنامہ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عائد کیا تھا ۔