تہران ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل اور ان کی قیادت میں دورہ کنندہ وفد سے ملاقات کے دوران شامی خانہ جنگی کے خاتمہ کی کوششوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ کوفی عنان ایک وفد کے ساتھ تہران پہنچے، جس میں فن لینڈ کے سابق صدر مارتی اہتاساری، نوبل انعام یافتہ ڈسمنڈ ٹوٹو اور میکسیکو کے سابق صدر ارنیسٹو ژیڈیلو شامل ہیں۔ اس وفد کو ماضی میں آنجہانی نیلسن منڈیلا نے بزرگوں کے گروپ کے طور پر متعارف کیا تھا۔ انہوں نے آج ایرانی صدر حسن روحانی سے بات چیت کی۔ ایران جو متحرک شامی صدر بشارالاسد کا ایک طاقتور حلیف ہے، باغیوں کے خلاف لڑائیوں میں ان کی مدد کررہا ہے۔