شامی خانہ جنگی میں جلد مداخلت نہ کرنا غلطی تھی : ہلاری کلنٹن

واشنگٹن۔ 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق امریکی وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن نے صدر براک اوباما کی خارجہ سیاست سے دوری اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی خانہ جنگی میں امریکہ کا جلد مداخلت نہ کرنا ایک غلطی تھی۔ سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی اہلیہ ہلاری کلنٹن نے یہ بات جریدے ’’دی اَٹلانٹک ‘‘میں شائع ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں کہی ہے۔ کلنٹن نے کہا کہ شام میں بشار الاسد کیخلاف مظاہرے شروع کرنے والوں میں اسلام پسند بھی تھے اور سکیولر عناصر بھی۔ تب اس احتجاج کے مرکزی دھارے میں ہر طرح کی سوچ کے حامل افراد شامل تھے۔