شامی حکومت کی بمباری میں 18 افراد ہلاک : حقوق انسانی گروپ

بیروت 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک حقوق انسانی گروپ نے آج ادعا کیا کہ شام کے جنوبی علاقہ میں سرکاری فوج کی بمباری اور فضائی حملوں کے نتیجہ میں کم از کم 18 عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں اور ان میں چار کمسن بچے شامل ہیں۔ شامی حقوق انسانی گروپ نے کہا کہ ملک کے جنوبی علاقہ ہارا میں حکومت کی افواج کی جانب سے میزائیل داغے گئے اور فضائی حملے بھی ہوئے ہیں۔ اس علاقہ پر حال ہی میں باغی گروپس نے اپنا قبضہ جما لیا تھا ۔ گروپ نے کہا کہ شامی حکومت کے حملوں میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں چار بچے بھی شامل ہیں ۔ حکومت شام کی جانب سے ان حملوں کے سلسلہ میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے ۔ حقوق انسانی گروپ ہی اکثر ایسی کارروائی کی اطلاع دیتے ہیں۔