شامی حکومت کو ہرگز کمزور ہونے نہ دیں : حسن روحانی

نیویارک ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی نے آج ایک انتباہی بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک شام میں اگر دولت اسلامیہ کو اقتدار کے حصول سے روکنا ہے تو اس کے لئے شامی حکومت کو بہرقیمت اقتدار پر فائز رہنے کی اجازت دی جائے۔ حسن روحانی جو اس وقت نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں موجود ہیں، نے مزید کہا کہ شام میں دولت اسلامیہ کے ساتھ زبردست جنگ کو ہی اولین ترجیح دی جانی چاہئے چونکہ جب تک دولت اسلامیہ کے دانت کھٹے نہ کئے جائیں شام میں حکومت کو خطرہ لاحق رہے گا۔ علاوہ ازیں شام میں سیاسی اصلاحات بھی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ نیویارک اور ماہرین تعلیم اور صحافیوں کے ساتھ منعقدہ ایک ملاقات میں واضح طور پر کہا کہ اگر ہمیں دہشت گردی پر قابو پانا ہے تو دمشق کی حکومت کو کسی بھی قیمت پر کمزور نہیں کرنا چاہئے۔ اگر حکومت شام نے ذرہ برابر کمزوری دکھائی تو دولت اسلامیہ کے جنگجو دمشق میں داخل ہوجائیں گے اور اس طرح پورا ملک دولت اسلامیہ کے کنٹرول میں آجائے گا اور دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے میں تبدیل ہوجائے گا۔ حسن روحانی نے البتہ صدر شام بشارالاسد کے مستقبل کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی حالانکہ انہوں نے یہ بات واضح طور پر کہی کہ دولت اسلامیہ جہادیوں کے خلاف کارروائیوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے ان کے خاتمہ کے بعد ہی ملک میں اقتدار کی تبدیلی پر غوروخوض کیا جاسکتا ہے۔