شامی تصادم کے خاتمہ کیلئے آستانہ میں اجلاس

آستانہ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شام میں گزشتہ چھ سال سے جاری تصادم کو ختم کرنے کے لئے پانچویں مرحلے کی بات چیت آج سے قازقستان میں شروع ہوئی جس میں بالخصوص اس جنگ زدہ ملک میں محفوظ منطقوں کے قیام پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ روسی خبررساں اداروں نے کہا ہے کہ تین روزہ اجلاس میں اس کے معاون اسپانسرس روس، ایران اور ترکی یکجا ہوئے ہیں۔ قازق دارالحکومت آستانہ میں جاری اس اجلاس کا مقصد مئی میں متفقہ تصادم سے پاک چار علاقوں کو محفوظ بنانا ہے۔ اجلاس کے ابتدائی دو دن باہمی مذاکرات پر توجہ مرکوز رہی اور چہارشنبہ کو کھلا اجلاس ہوگا جس میں تمام شرکاء یکجا ہوں گے۔ قازق وزارت خارجہ کے ترجمان انور زیناکوف نے توثیق کی کہ شامی صدر بشارالاسد کی حکومت سے وابستہ مندوبین کے علاوہ حکومت کے مخالف باغی گروپوں کے نمائندے آستانہ پہونچ چکے ہیں۔