طرابلس ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شامی باغیوں کی متعدد تنظیموں نے روس کی میزبانی میں امن مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ باغیوں کے 40 گروپوں کے مطابق قومی سطح پر مذاکرات کی یہ روسی پیشکش اقوام متحدہ کے زیر اہتمام امن بات چیت کو مسترد کرنے کی ایک کوشش ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روس شام میں جنگی جرائم میں ملوث ایک جارح ملک ہے۔ روس ایران اور ترکی نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ شامی امن مذاکرات جنوری کے آخر میں سوچی میں منعقد ہوں گے۔ روس اور ایران شامی صدر بشارالاسد کے حامی ہیں جبکہ ترکی باغیوں کی پشت پناہی کرتا ہے۔
چین کی تبت میں ہیلی کاپٹر سیاحت کو منظوری
بیجنگ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تبت کی سیاحت کرنے والے سیاحوں کو بھی صوبائی دارالخلافہ لہاسہ کے طائرانہ منظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے ہیلی کاپٹر پر سواری کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں آزمائشی آپریشنس کو منظوری دی ہے جو لہاسہ میں موجود ایک کمپنی ہیلی کاپٹرس کا استعمال کرتے ہوئے اُڑان بھرے گی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژینہوا نے یہ بات اطلاع دی۔ سیاح سچو کلنک ایرپورٹ یا WeChat اپنے ہیلی کاپٹر ٹور کی بکنگ کرسکتے ہیں۔ یہ ایرپورٹ کے مطابق جنرل مینیجر سیتان پالڈرون نے یہ بات بتائی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ تبت کی سیاحت کیلئے زیادہ تر چینی صوبوں سے گزشتہ سال 23 ملین سیاح آئے اور سیاحوں کو مختلف سہولتیں فراہم کرتے ہوئے چینی حکومت سیاحت کے شعبہ میں آئے عروج سے بھرپور مالی فائدہ اٹھانے کوشاں ہے۔