واشنگٹن ۔ 28 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکی فوج نے ایسے شامی باغیوں کی چھان بین اور چناؤ کا عمل شروع کر دیا ہے جنھیں متوقع طور پر اگلے چند ہفتوں میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کیخلاف تربیت دی جائے گی۔ امریکی دفاعی ادارے پینٹگان کے پریس سکریٹری ایڈمرل جان کربی نے کل ایک بریفنگ میں بتایا کہ 100کے قریب اعتدال پسند شامی باغیوں کی چھان بین کا عمل جاری ہے جو تربیتی پروگرام میں شامل ہوں گے۔جان کربی کے مطابق ان کے علاوہ ’’مزید 1500 قابل امیدواروں کی شناخت ہوئی ہے جو تربیتی پروگرام میں شمولیت سے قبل چھان بین کے مزید سخت عمل سے گزریں گے‘‘۔انھوں نے بتایا کہ ہمارا اندازہ ہے کہ ’’اگلے چار سے چھ ہفتوں میں ہم اصل تربیت کا آغاز کرنے کیلئے تیار ہو سکتے ہیں‘‘۔یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل ہی امریکہ اور ترکی نے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے مطابق ترکی نے ان باغیوں کی تربیت کیلئے جگہ دینے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔ اس تربیت میں امریکہ اور شام کے مساوی تعداد میں دستوں کی شرکت ہوگی۔یہ جگہ ان چار جگہوں میں سے ایک ہے جہاں امریکہ اور اس کے اتحادی شامی باغیوں کی تربیت کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں۔ یہ تربیت دولتِ اسلامیہ کیخلاف لڑنے کیلئے دی جارہی ہے لیکن اس کا مقصد سیول وار میں شامل ہوکر صدر بشار الاسد کی حکومت گرانا نہیں۔