اقوام متحدہ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے بحران پر اقوام متحدہ کی نگرانی میں امن مذاکرات کا اگلا مرحلہ 20 فروری کو منعقد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع سفارت کاروں نے آج میڈیا کو دی ہے ۔ پہلے یہ امن مذاکرات جنیوا میں 8 فروری کو منعقد ہونے والے تھے لیکن روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گزشتہ ہفتہ بتایا تھا کہ امن مذاکرات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ شام کے لیے اقوام متحدہ کے قاصد مسٹر اسٹیفن ڈی مستورا نے کل کہا تھا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی قیادت میں امن مذاکرات کو گزشتہ ہفتے آستانہ میں شامی باغی گروپوں اور شامی حکومت کے درمیان سمجھوتے کا فائدہ اٹھانے کے تناظر میں منسوخ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہم آستانہ میں ہونے والے معاہدے کو کا حقیقی اطلاق چاہتے ہیں۔ جیسا ہم چاہتے ہیں اگر جنگ واقعی بند ہوگئی،تو امن مذاکرات میں ہم کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچ پائیں گے ‘‘۔
نیوزی لینڈ میں پارلیمانی انتخابات کا اعلان
ویلنگٹن۔یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم بل انگلش نے 23 ستمبر کو ملک میں پارلیمانی انتخابات کرانے کا آج اعلان کیا۔گزشتہ ماہ سابق وزیر اعظم جان کی کے استعفیٰ کے بعد ملک کے وزیر اعظم بننے والے مسٹر بل انگلش کے اعلان کے بعد گزشتہ آٹھ سال سے اقتدار پر قابض نیشنل پارٹی مسلسل چوتھی بار الیکشن جیتنے کے مقصد سے میدان میں اُترے گی۔ طویل عرصہ کے بعد یہ پہلی بار ہوگا جب مسٹر جان کی قیادت کے بغیر پارٹی انتخابی میدان میں اترے گی۔نیشنل پارٹی کو چیلنج کرنے کیلئے بائیں بازو کی لیبر پارٹی اور گرین پارٹی نے اس بار اتحاد کرلیا ہے۔