شاملی میں گائے کی اسمگلنگ کے شک میں 2 افراد کی پٹائی

شاملی،21 اگست(سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے شاملی میں نام نہاد گاؤ رکشکوں کے ایک گروپ کے ذریعہ بیلوں کو لے جارہے دولوگوں کے ساتھ گائے اسمگلنگ کے الزام میں لاٹھی ڈنڈوں سے مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ذرائع کے مطابق گاؤ رکشک دل کو اطلاع ملی تھی کی ایک منی ٹرک میں کچھ بیلوں کو آدرش منڈی لے جایا جا رہا ہے ، موقع پر پہنچ کر گاؤ رکشکوں کے ایک گروپ نے منی ٹرک روکا تو گاڑی میں موجود پانچ لوگوں میں سے تین خوف کی وجہ سے ٹرک چھوڑ کر اپنی جان بچا کر بھاگ نکلے جب کہ دو کو ان لوگوں نے پکڑ لیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی منڈی میں موجود پولیس نے دلشاد اور شہزاد کو گاؤ رکشکوں کے چنگل سے آزاد کرا کر پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے بیل لے جارہے لوگوں کے ساتھ مارپیٹ کے الزام میں گئو رکشک دل کے قومی صدر انوج کو حراست میں لیتے ہئے دس نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔وہیں گئو رکشک دل کے صدر نے بھی دلشاد اور شہزاد سمیت دوسرے لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے ۔