واشنگٹن، 3 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں امریکہ کی زیر قیادت اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں آئی ایس کا ایک مطلوبہ لیڈر مارا گیا ہے ۔ وہ ایک امریکی شہری اور کئی دوسرے لوگوں کی موت کے لئے براہ راست طور پر ذمہ دار مانا جا رہا تھا۔سی این این ٹیلی ویژن نے اتحادی افواج کے ترجمان کرنل سین ریان کے حوالے سے آج بتایا کہ یہ فضائی حملے اتوار کو کئے گئے اور ان میں آئی ایس کا سینئر لیڈر ابو العمریان مارا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ آئی ایس کے کئی دہشت گرد بھی اس حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ العمریان اتحادی افواج کے لئے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا تھا اور وہ امریکی شہری اور سابق فوجی رینجر پیٹر کاسگ کے قتل میں شامل تھا۔ اس نے بہت سے لوگوں کو یرغمال بنا کر ان کا انتہائی سفاکانہ انداز میں قتل کیا تھا۔امریکہ نے اس علاقے میں آئی ایس کا نام و نشان مٹانے کے لئے سینکڑوں فضائی حملے کئے ہیں اور گولاباری کا سہارا بھی لیا ہے ۔