شاستری پورم کے گودام میں دھماکہ 5بشمول دو ملازمین پولیس زخمی

حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) شاستری پورم علاقہ کے ایک گودام میں دھماکہ کے نتیجہ میں بشمول دو ملازمین پولیس 5 افراد زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس علاقہ میں ایک پلاسٹک گودام موجود ہے جس میں صفائی کے دوران کل دھماکہ ہوا تھا جس میں افروز نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ اس اطلاع پر مقامی عوامی کی برہمی کے بعد عوامی نمائندے اور پولیس عہدیدار جائے مقام کا معائنہ کرنے پہنچے تھے کہ اس دوران گودام میں دوبارہ دھماکہ ہوا جس کے سبب دو عوامی نمائندے اور دو پولیس ملازمین زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس ملازمین کے زخمی ہونے کی اطلاع پاکر ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد پرکاش ریڈی شاستری پورم پہنچ گئے اور زخمی عہدیداروں کی حالت دریافت کرنے کے بعد بلدیہ اور فائر سیفٹی عملہ و پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ شاستری پورم اور کاٹے دھن میں واقع گوداموں ، کارخانوں اور فیکٹریز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔