برہم پور /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شاردا چٹ فنڈ اسکام کی سپریم کورٹ کی جانب سے سی بی آئی انکوائری کی ہدایت کے تناظر میں ممتا بنرجی نے آج جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں عدالتی احکام سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور خاطیوں کو سزا دی جائے گی۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے یہاں ضلع مرشد آباد کے انتخابی جلسہ سے خطاب میں کہا کہ جو لوگ غلطی کے مرتکب ہوئے ہیں، انھیں سزا ہوگی۔ انھوں نے شاردا اسکام پر ان کی پارٹی کو اپوزیشن کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ سوچ رہے ہیں کہ انتخابات سے محض دو روز قبل سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے، اس سے مجھے کیا فرق پڑتا ہے؟۔
مشتبہ انڈین مجاہدین کارندہ احمد سلطان کا ریمانڈ
نئی دہلی /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مشتبہ انڈین مجاہدین کارندہ فیضان احمد سلطان جسے ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے کے کیس کے سلسلے میں شارجہ سے گرفتار کرکے لایا گیا، آج اسے دہلی کی ایک عدالت نے 22 مئی تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔ 55 سالہ سلطان نے پولیس تحویل ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں این آئی اے نے بتایا کہ اس سے مزید تفتیش کرنا نہیں ہے۔