شادی کے گھر میں ماتم، دولہاسمیت دو کی موت

چھپرہ، 3مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں ضلع سارن کے رسول پرانے تھا نہ علاقہ کے چینوا گاوں کے نزدیک چھپرہ۔سیوان اہم شاہراہ پر سڑک حادثہ میں اپنی شادی کا کارڈ بانٹ کر واپس آرہے نوجوان سمیت دو لوگوں کی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ضلع کے چڈوا گاوں کے باشندہ راجیشور یادو اور گجیندر یادو شادی کا کارڈ بانٹ کر موٹر سائکل سے واپس گھر آرہے تھے کہ اسی دوران مخالف سمت سے آرہے ایک ٹرک نے زوردار ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ مرنے والے گجیندر یادو کی گیارہ مئی کو شادی تھی جبکہ تلک کی تقریب 6مئی کو تھی۔واقعہ کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے مقامی لوگوں کے تعاون سے حادثہ کا شکار موٹر سائکل اور ٹرک کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے چھپرہ بھیج دی گئی ہیں۔ واقعہ کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب رہا۔دوسری طرف واقعہ سے مشتعل لوگوں نے جائے حادثہ کے نزدیک سڑک پر جام لگاکر وہاں سے گزر رہی ایک اسکارپیو کو بری طرح نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ کئی دیگر گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ جام کی اطلاع کے بعد موقع پر پہنچی پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے سمجھانے کے بعد تقریباََ دو گھنٹے بعد لوگوں نے جام ختم کیا۔