شادی کے تنازعہ پر پاکستان میں 10ارکان خاندان ہلاک

پشاور۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہولناک واقعہ میں ایک ہی خاندان کے کم از کم 10افراد بشمول 2بچوں کو آج شادی کے ایک تنازعہ پر ان کے رشتہ داروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ اس شخص نے اپنے باپ اور بھائی کو بھی پاکستان کے شمال مغربی صوبہ میں قتل کیا تھا ۔ یہ واقعہ خیبرپختونخواہ کی تحصیل تانگی میں پیش آیا جہاں ملزم گلاب احمد زبردستی اپنے چچا کے مکان میںداخل ہوگیا اور اندھا دھند فائرنگ کردی ‘جس کی وجہ سے 10ارکان خاندان ہلاک ہوگئے ۔ مقامی پولیس کے بموجب شادی کے بارے میں تنازعہ اس قتل عام کی وجہ تھا ۔مقتولوں میں پانچ خواتین ‘ دو بچے اور قاتل کے چچا کے علاوہ دیگر دو افراد شامل تھے ۔ نعشوں کو تانگی تحصیل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ پولیس کے بموجب ملزم نے قبل ازیں چار افراد بشمول اپنے باپ ‘ بھائی اور بھاوج کو خود اپنے مکان پر قتل کیا تھا ۔ ملزم کی بیوی اپنے میکے منتقل ہوچکی ہے جو تانگی تحصیل میں واقع ہے ۔ اپنے داماد کے باپ اور بھائی کے قتل کی اطلاع ملنے پر لڑکی کے والدین نے اسے اس کے شوہر کے پاس واپس بھیجنے سے انکار کردیا ہے ۔ اس انکار پر ملزم مشتعل ہوگیا اور اپنے سسرالی رشتہ داروں کو قتل کردیا ۔ پولیس کے بموجب قاتل موقعہ واردات سے فرار ہوچکاہے ۔ پولیس نے اس کی تلاش شروع کردی ہے ۔