جئے پور ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع پرتاپ گڑھ میں ایک تیز رفتار شادی کی بارات میں گھسنے سے 9 افراد ہلاک اور 19 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ قومی شاہراہ 113 پر رامدیو مندر کے قریب ہوا جب رات میں شادی کی برات میں ایک بانسواڑہ سے نیم بھیرا جانے والی تیز رفتار لاری گھس پڑی جبکہ یہ باراتی لب سڑک جارہے تھے۔ پرتاپ گڑھ کے ایس پی انیل بینی وال نے کہا کہ ابتداء میں پولیس نے سمجھا تھا کہ 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن بعد کی تحقیقات میں 9 افراد کے ہلاک ہونے اور دیگر 19 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ اس حادثہ کے بعد 200 تا 300 افراد نے احتجاج کرتے ہوئے ہائی وے پرٹریفک جام کرنے کے علاوہ مہلوکین کو دی جانے والی مالی امداد کی رقم میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ ڈی ایس پی وجئے پال سنگھ سندھو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے متاثرین کے افراد خاندان کو 50 ہزار روپئے ایکس گریشیاء دینے کا اعلان کیا لیکن احتجاجیوں نے اس میں اضافہ کی مانگ کرتے ہوئے ہائی وے پر تقریباً دو گھنٹے ٹریفک جام کردی ۔چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے اس واقعہ پر صدمہ کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔ نیز لاری کو ضبط کرنے کے علاوہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔