ممبئی ۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے دہشت گردی کے ایک مجرم اور مجرمین کی ٹولی کے سرغنہ ابوسالم کی شادی کے مقصد سے پیرول پر رہائی کی درخواست آج مسترد کردی۔ 46 سالہ ابوسالم جس کو 1993ء کے سلسلہ وار ممبئی دھماکوں کے مقدمہ میں عمرقید دی گئی ہے، اس ہائی کورٹ سے درخواست کی تھی کہ اس کو خاندان و سماجی تعلقات برقرار رکھنے کی اجازت دی جائے۔ ممبئی سے متصلہ ضلع تھانے کے ممبرا علاقہ کی ساکن کوثر بہار سے شادی کیلئے اس نے ایک ماہ کیلئے پیرول پر رہائی کی درخواست کی تھی۔ سالم نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ پیرول کیلئے انسانی بنیادوں پر غور کیا جائے کیونکہ اس عورت کے تئیں اپنی ذمہ داری سے بری نہیں ہوسکتا کیونکہ و ہ کوثر سے شادی کا وعدہ کرچکا ہے اور کوثر کسی دوسرے سے شادی کرنا نہیں چاہتی۔