شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا مہم کی ستائش

حیدرآباد ۔ 18 مارچ (راست) جناب محمد سلیم سٹی ایگزیکیٹیو ممبر گریٹر حیدرآباد، ویلفیر پارٹی آف انڈیا، تلنگانہ یونٹ کی قیادت میں ایک وفد جس میں محمد زاہد حسین، محمد جنید، اسحاق شمسی شامل تھے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہدعلی خان سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف سیاسی امور پر گفتگو کی۔ خاص طور پر اقلیتوں سے متعلق مسائل اور ان کا حل پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ویلفیر پارٹی آف انڈیا، تلنگانہ یونٹ کی جانب سے شہر حیدرآباد میں ادارہ سیاست کے اشتراک سے چلائی جارہی شادیوں اور تقاریب میں ایک کھانا اور ایک میٹھا مہم کو کافی پسند کیا گیا اور اس اقدام پر انہیں مبارکباد پیش کی اور اس طرح کی مہم کو ایک مستحسن اقدام قرار دیا۔

اس موقع پر محمد سلیم نے کہا کہ واقعی اس وقت خصوصاً ملت اسلامیہ معاشی بدحالی کا شکار ہے اور دیگر اقوام کے مقابلہ انتہائی پسماندہ تصور کی جاتی ہے جس کی تصویر سچر کمیٹی و دیگر سے منظرعام پر آچکی ہے۔ ایسے میں مسلمان فضول خرچی کے ذریعہ اپنے آپ کو مزید پستی میں لے جانے سے گریز کریں اور شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں بے جا اسراف سے بچتے ہوئے اپنی قوم کو مستحکم کرنے کے اقدامات کریں اور خود دین اسلام نے اس طرح کے فضولیات سے بچنے کی تلقین کی ہے۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خان نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی کیرو پراکٹک ڈاکٹرس کا میڈیکل کیمپ
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (راست) پالمیر یونیورسٹی امریکہ کے کیرو پراکٹک ٹیم ڈاکٹر پروفیسر معین انصاری، محترمہ شاہدہ انصاری کی زیرنگرانی 2 تا 4 اپریل ادارہ سیاست، میسکو، اعظم ہاسپٹل کے زیراہتمام میسکو گریٹ ملک پیٹ روبرو ادارہ ملیہ میں مریضوں کا معائنہ کریں گے۔ جناب ظہیرالدین علی خان کیمپ چیرمین، کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سید غوث الدین نے بتایا کہ کمر کے درد، گردن کے درد، گلے کے درد، گھٹنوں کے درد کے علاوہ دیگر اعضاء کے امراض میں مبتلاء مریض اپنے نام میسکو گریٹ ملک پیٹ میں صبح 10 تا ایک بجے دن تک رجسٹرڈ کروائیں۔ مزید معلومات کیلئے فون نمبر 9247172645 پر ربط کریں۔