احاطہ سیاست میں شعور بیداری جلسہ ۔ ضلع ویلفیر آفیسر حیدرآباد و رنگا ریڈی وجئے کمار و محترمہ معصومہ بیگم کا خطاب
حیدرآباد 24 فبروری ( دکن نیوز ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائی جانے والی ’ شادی مبارک ‘ اسکیم پر عمل آوری کے تعلق سے جلسہ شعور بیداری کا آج احاطہ سیاست میں انعقاد عمل میں آیا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے جلسہ کی صدارت کی ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد جناب وجئے کمار ‘ محترمہ معصومہ بیگم ڈسٹریکٹ ویلفیر آفیسر رنگا ریڈی اور دوسروں نے مخاطب کیا ۔ مسٹر وجئے کمار نے شادی مبارک اسکیم کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ درخواستوں کی وصولی کے بعد انکوائری کیلئے متعلقہ تحصیلدار کو ضروری کارروائی کیلئے فوری طور پر درخواستیں روانہ کی جا رہی ہیں۔ اس کے باوجود کسی درخواست گذار کو شکایت ہو تو براہ راست فون 7680078916 پر ان سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست نے حکومت کی اس اسکیم کو کامیاب بنانے فراخدلانہ تعاون کیا ہے جس کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود ادارہ سے اظہار تشکر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درخواستیں راست طور پر حج ہاوز چھٹی منزل پر واقع دفتر ضلع میناریٹی ویلفیر میں داخل کی جاسکتی ہیں۔ محترمہ معصومہ بیگم ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر رنگا ریڈی نے مختلف شکایات کی سماعت کی اور کہا کہ بعض سرٹیفیکٹس نا مکمل ہونے کے باعث رقومات کی منظوری میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ لڑکیوں کے سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ صحیح معلومات حاصل کرکے ہی درخواستیں متعلقہ سرٹیفیکٹس کے ہمراہ داخل کریں۔ انہوں نے درخواست گذاروں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ درمیانی افراد کو کوئی رقم نہ دیں اور اگر کوئی عہدیدار بھی رقومات کا مطالبہ کرتا ہے تو اس کی شکایت ڈسٹریکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر سے براہ راست کرسکتے ہیں۔ سید امتیاز احمد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ آفیسر نے وضاحت کی کہ شادی کے طئے ہونے یا اس کے بعد بھی لڑکے کے آدھار کارڈ کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے صرف شناختی کارڈ ہی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکی کے والدین قومیائے ہوئے بینکس میں ہی اپنا کھاتہ کھولیں اور سیونگ بینک کے اکاؤنٹ میں اپنا اکاؤنٹ رکھیں جس سے انہیں رقم کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا نہیں پڑیگا ۔ انہوں نے پیدائشی سرٹیفیکٹس نہ ہونے کی صورت میں سرکاری دواخانہ کے ڈاکٹر سے یہ حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم مستحکم خاندانوں کی امداد کیلئے ہے ۔ اس کو حکومت کی بھیک نہیں سمجھنا چاہئے ۔ انہوں نے این جی اوز سے اپیل کی کہ وہ عوامی شعور بیدار کریں ۔ ابتداء میں سید خالد محی الدین اسد انچارچ ہیلپ لائین نے خیر مقدم کیا ۔ محمد شاہد ‘ احمد اللہ خاں ‘ محترمہ عرصہ عارہ نے اجلاس کو تفصیلات سے واقف کروایا ۔ مسرز فہیم انصاری ‘ سید رضوان اور فرح نے انتظامات کی نگرانی کی ۔ مسرس ایم اے قدیر ‘ محمد نصر اللہ خاں ‘ خدیجہ سلطانہ ‘ ریحانہ نواز ‘ لطیف النسا ‘ محمد شاہد حسین ‘ تاج سلطانہ ‘ رئیس النسا کے علاوہ محبوب حسین آزاد و دوسروں نے خطاب کیا ۔