حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) شادی مبارک اسکیم کے تحت تاحال غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے 29کروڑ 42لاکھ 19ہزار روپئے جاری کئے گئے جبکہ 5769 خاندانوں کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شادی مبارک اسکیم سے مسلمانوں کے علاوہ عیسائی، سکھ، بدھسٹ، جین اور پارسی طبقات کو بھی استفادہ کی اجازت ہے اور ریاست میں ان کی آبادی کے لحاظ سے نشانہ مقرر کیا گیا۔ اسکیم کے آغاز سے آج تک مسلمانوں کے علاوہ عیسائی، سکھ اور جین طبقہ نے اسکیم سے استفادہ کیا جبکہ بدھسٹ اور پارسی طبقہ کی جانب سے ایک بھی درخواست داخل نہیں کی گئی۔ مسلمانوں کیلئے 17515 خاندانوں کو امداد کا نشانہ مقرر کیا گیا اور 7145درخواستیں داخل کی گئیں۔ 5720درخواستوں کو منظوری دی گئی جبکہ 42درخواستیں مسترد کردی گئیں۔ 1328درخواستیں زیر التواء ہیں۔ عیسائی طبقہ کے 1747 خاندانوں کو امداد کی فراہمی کا نشانہ مقرر کیا گیا جن میں 44درخواستیں داخل کی گئیں اور 36درخواستوں کو منظوری دی گئی۔ 8درخواستیں جانچ کے مرحلہ میں ہیں۔ مسلم خاندانوں کیلئے 29کروڑ 17لاکھ 20ہزار روپئے جاری کئے گئے جبکہ عیسائی طبقہ کیلئے 18لاکھ 36ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ سکھ طبقہ کیلئے 110خاندانوں کو امداد کا نشانہ مقرر کیا گیا اور 15درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 11کو منظوری دی گئی جبکہ 4 زیر التواء ہیں۔ بدھسٹ طبقہ کیلئے 135خاندانوں کو امداد کا نشانہ مقرر کیا گیا تاہم صرف ایک ہی درخواست داخل کی گئی اور وہ بھی مسترد کردی گئی۔ جین طبقہ کا نشانہ 90اور پارسی طبقہ میں 10خاندانوں کو امداد کا نشانہ رکھا گیا ہے تاہم جین طبقہ سے 2 درخواستیں داخل کی گئیں اور دونوں کو منظوری دی گئی جبکہ پارسی طبقہ سے ایک بھی درخواست داخل نہیں کی گئی۔