شادی مبارک اسکیم کی 3086 درخواستوں کو منظوری : چندر شیکھر راؤ

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد کے طور پر شادی مبارک اسکیم متعارف کی گئی ہے جس کے تحت 51 ہزار روپئے کی امداد دی رہی ہے۔ اسمبلی میں ومشی چندر ریڈی اور دوسروں کے سوال کے جواب میں چیف منسٹر نے بتایا کہ 5 مارچ تک تلنگانہ کے 10 اضلاع میں جملہ 5015 درخواستیں داخل کی گئی جن میں سے 3086 کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے اقلیتی بہبود‘ ٹریژری اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں میں تال میل کی کمی کے باعث اسکیم پر عمل آوری میں تاخیر کی تردید کی۔ اسمبلی میں پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق عادل آباد میں 377 ‘حیدرآباد 655 ‘کریم نگر 247‘کھمم 124 ‘ محبوب نگر 197 ‘میدک 232 نلگنڈہ 166 ‘ نظام آباد 393‘رنگا ریڈی 520 اور ورنگل میں 175 درخواستوں کو منظوری دی گئی ۔ ایک اور سوال کے تحریری جواب میں چیف منسٹر نے اس بات کی تردید کی کہ مرکز نے سچر کمیٹی کی سفارشات پر عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اگرچہ مرکز کی جانب سے اس سلسلہ میںکوئی واضح ہدایات جاری نہیںکی گئی تاہم ریاستی حکومت نے 11 ویں پنچ سالہ منصوبہ میں اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے خصوصی توجہ دی ہے ۔ 12 ویں پنچ سالہ منصوبہ میں مرکزی حکومت کی ایم ایس ڈی پی اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اسکیم کے سلسلہ میں تلنگانہ کے زائد اقلیتی آبادی والے علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نے سچر کمیٹی کی سفارشات کے مطابق اقلیتوں کی تعلیمی ‘ معاشی اور سماجی ترقی کے سلسلہ میں کئے جارہے اقدامات کی تفصیلات بیان کی۔