حیدرآباد۔ 23 ۔ نومبر (سیاست نیوز) غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد سے متعلق شادی مبارک اسکیم کی تمام زیرالتواء درخواستوں کو ضلع کلکٹرس کے ذریعہ منڈل ریونیو آفیسرس کو روانہ کیا گیا ہے۔ اسکیم میں بے قاعدگیوں کی روک تھام اور درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ منڈل ریونیو آفیسرس کے ذریعہ درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کریں اور جلد سے جلد رپورٹ محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ کی جائے۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں اسٹاف کی کمی کے سبب حکومت کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ اسٹاف کی کمی کے نتیجہ میں زیرالتواء درخواستوں کی تعداد میں دن بہ دن ا ضافہ ہورہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں 600 سے زائد زیرالتواء درخواستیں منڈل ریونیو آفیسرس کو روانہ کردی گئی۔ جن 1100 درخواست گزاروں نے ابھی تک اپنی ہاٹ کاپی داخل نہیں کی ، ان سے ربط قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ صرف 10 درخواست گزاروں نے اپنی اسنادات کی ہاٹ کاپی محکمہ اقلیتی بہبود میں داخل کی ہے۔ بیشتر درخواست گزار صرف آن لائین درخواست داخل کرنے پر اکتفا کر رہے ہیں، انہیں چاہئے کہ آن لائین درخواست داخل کرنے کے بعد ہاٹ کاپی متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس میں جمع کریں۔