شادی مبارک اسکیم کیلئے شرائط میں نرمی

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے شادی مبارک اسکیم کی شرائط میں نرمی پیدا کرتے ہوئے پیدائشی سرٹیفکٹ کے لزوم کو ختم کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جی او ایم ایس 16 جاری کیا۔ نئے احکامات کے مطابق سابق میں اس اسکیم سے استفادہ کیلئے جن اسنادات کی پیشکشی کو لازمی قرار دیا گیا تھا ، ان میں ترمیم کرتے ہوئے پیدائشی سرٹیفکٹ کی جگہ ووٹر آئی ڈی، راشن کارڈ یا آدھار کارڈ کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے حکومت سے نمائندگی کی تھی کہ ایسے افراد جنہوں نے ایس ایس سی تک تعلیم حاصل نہیں کی یا جنہوں نے پیدائش کے وقت پیدائشی سرٹیفکٹ حاصل نہیں کیا، انہیں اسکیم سے استفادہ میں دشواری ہورہی ہے۔ نئے طور پر پیدائشی سرٹیفکٹ حاصل کرنا دشوار کن ہے۔ انہوں نے عمر کی صداقت کے سلسلہ میں پیدائشی سرٹیفکٹ کے بجائے راشن کارڈ ، آدھار کارڈ یا ووٹر آئی ڈی کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ حکومت نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے احکامات میں ترمیم کی ہے۔ اب کوئی بھی درخواست گزار ووٹر آئی ڈی یا راشن کارڈ یا پھر آدھار کارڈ کی بنیاد پر درخواست داخل کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ روزنامہ سیاست نے چیف منسٹر کی جانب سے اس سلسلہ میں فیصلے کے ساتھ ہی مورخہ 24 مارچ کو رپورٹ شائع کی تھی۔ سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود نے باقاعدہ جی او جاری کیا ہے۔