شادی مبارک اسکیم کا ایک سال

بڑے پیمانہ پر پروگرام منعقد کرنے محکمہ اقلیتی بہبود کا منصوبہ
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز)  غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر فی کس 51ہزار روپئے امداد سے متعلق شادی مبارک اسکیم کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ گزشتہ سال 2اکٹوبر کو اس اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا اور ایک سال کے عرصہ میں ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کی یکسوئی کی گئی لہذا آئندہ ماہ 2اکٹوبر کو محکمہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے مطابق ایک سال کی مدت میں محکمہ نے 20ہزار سے زائد مستحق غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد جاری کی ہے اور 102 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جو ایک ریکارڈ ہے۔ ایس سی، ایس ٹی طبقات کیلئے شروع کردہ کلیان لکشمی اسکیم سے بہتر نتائج شادی مبارک اسکیم کے ہیں اور حکومت نے اسکیم پر کامیاب عمل آوری کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کی ستائش کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اسکیم پر عمل آوری کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ ماہ 2اکٹوبر کو اسکیم کے ایک سال کی تکمیل پر پروگرام منعقد کریں جس میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد کی فراہمی کیلئے اس اسکیم کو گرین چینل میں رکھا تھا لہذا بجٹ کی اجرائی میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔ اس اسکیم پر عمل آوری میں نمایاں رول ادا کرنے والے عہدیداروں کو سپاسنامہ پیش کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔