شادی مبارک اسکیم پر موثر عمل کیلئے سید ولایت حسین کو اہم ذمہ داری

حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ’شادی مبارک ‘ اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے جنرل منیجر تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن سید ولایت حسین رضوی کو ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 169جاری کیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد میں اس اسکیم پر عمل آوری اور درخواستوں کی یکسوئی میں تاخیر کی کئی شکایات موصول ہورہی تھیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے حکومت سے سفارش کی کہ اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محترمہ معصومہ بیگم کا تبادلہ کیا جائے۔ حکومت نے فوری طور پر شریمتی معصومہ بیگم کا تبادلہ کیا اور انہیں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی۔ سید ولایت حسین رضوی فوری طور پر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کی زائد ذمہ داری سنبھال لیں گے اور مزید احکامات تک اس عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں شادی مبارک اسکیم کی 5ہزار سے زائد درخواستیں طویل عرصہ سے یکسوئی کی منتظر ہیں۔