شادی مبارک اسکیم میں سرعت پیدا کرنے سرکاری محکمہ متحرک ، رضاکارانہ تنظیموں سے مدد

عوام میں شعور بیداری پر خصوصی توجہ ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر
حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کے موقع پر فی کس 51ہزار روپئے کی امداد سے متعلق شادی مبارک اسکیم کے 2700درخواست گذاروں کو اب تک امدادی رقم جاری کردی گئی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر نے اس اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کیلئے نہ صرف محکمہ کے عہدیداروں کو متحرک کیا ہے بلکہ مختلف رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف رضاکارانہ تنظیموں نے اس اسکیم کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ادارے اپنے طور پر مستحق افراد کو درخواستوں کے ادخال اور مطلوبہ سرٹیفکیٹس کی فراہمی میں تعاون کررہے ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے کہا کہ اگرچہ شادی مبارک اسکیم پر عمل آوری ایس سی، ایس ٹی طبقات کی کلیان لکشمی اسکیم سے زیادہ ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ جاریہ مالیاتی سال کے اختتام تک ہر ضلع کیلئے مقرر کردہ نشانہ کی تکمیل ہوسکے۔ تلنگانہ میں حکومت نے جاریہ سال 20ہزار شادیوں کا نشانہ مقرر کیا تھا اور محکمہ اقلیتی بہبود کم از کم اس نشانہ کی نصف تکمیل کی کوشش کررہا ہے۔ جناب جلال الدین اکبر نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کی خصوصی دلچسپی سے محکمہ نے تمام اسکیمات کے بارے میں تفصیلات کے ساتھ پوسٹرس شائع کئے ہیں جنہیں شہر اور اضلاع کی مساجد میں آویزاں کیا جارہا ہے۔ ان پوسٹرس میں اسکیمات سے استفادہ کیلئے عہدیداروں کے فون نمبرس بھی درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے حکومت نے شرائط میں نرمی کی ہے۔ ریونیو عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ درخواستوں کی جانچ اور سرٹیفکیٹس کی اجرائی میں تاخیر نہ کریں۔ محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق آج تک تلنگانہ کے 10اضلاع میں جملہ 5015 درخواستیں داخل ہوئیں جن میں 2700 افراد کو امداد جاری کردی گئی جبکہ منظورہ درخواستوں کی تعداد 3086ہے۔ حیدرآباد میں 655 درخواستوں کو منظوری دی گئی اور 538 خاندانوں میں امداد جاری کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عادل آباد میں 318، کریم نگر 180، کھمم 109، محبوب نگر 149، میدک 191، نلگنڈہ 166، نظام آباد 392، رنگاریڈی 415 اور ورنگل میں 162 مستحق افراد میں امدادی رقم جاری کردی گئی۔