آدھار‘ راشن یا ووٹر شناختی کارڈ میں سے کوئی ایک پیش کرنے کی سہولت : چیف منسٹر کی منظوری
حیدرآباد۔23مارچ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندراشیکھر نے شادی مبارک اسکیم کی شرائط میں اہم ترمیم کرتے ہوئے رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج شام چیف منسٹر متعلقہ فائیل کو منظوری دی ہے ۔ شرائط میں دی گئی نرمی کے مطابق اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والی غریب لڑکیوں کو اسکیم سے استفادہ کیلئے برتھ ( پیدائشی) سرٹیفیکٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ صداقت نامہ پیدائش کے بجائے آدھار کارڈ ‘ الیکشن آئی ڈی یا راشن کارڈ قبول کیا جائے گا ۔ اسکیم کی عمل آوری میں سخت شرائط کے سبب رکاوٹ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر اس اہم رعایت کا فیصلہ کیا ہے ۔ کے سی آر نے اقلیتی بہبود کو ہدایت دی کہ شرائط میں ترمیم سے متعلق احکامات کل بروز منگل جاری کردیں ۔ واضح رہے کہ برتھ سرٹیفیکٹ کے لزوم کے سبب کئی اقلیتی خاندان اس اسکیم سے استفادہ سے محروم تھے اور چیف منسٹر نے اسمبلی میں رعایت میں ترمیم کا وعدہ کیا تھا ۔