’شادی مبارک‘ اسکیم سے 10 ہزار خاندانوں کو مدد

3745 درخواستیں جانچ کے مرحلہ میں ، محکمہ اقلیتی بہبود کی موثر کارکردگی
حیدرآباد۔/28جولائی، ( سیاست نیوز) غریب اقلیتی خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد سے متعلق ’شادی مبارک‘ اسکیم نے 10,000 خاندانوں کو امداد کے نشانہ کو عبور کرلیا ہے اور مزید 3700 درخواستیں یکسوئی کے آخری مرحلہ میں ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کے مطابق حکومت کی جانب سے اس اسکیم کو گرین چینل میں شامل کرنے کے بعد درخواستوں کی یکسوئی اور رقم کی اجرائی کی رفتار میں تیزی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے اسکیم پر عمل آوری کو اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ ہر سطح پر اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ عمل آوری میں کوئی خامی یا بدعنوانی نہ رہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر اسکیم سے استفادہ کے سلسلہ میں کوئی دشواری ہو یا ماتحت عملیکی جانب سے رقم کا مطالبہ کیا جائے تو وہ اس کی اعلیٰ عہدیداروں سے شکایت کریں۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال اس اسکیم کے تحت جملہ 14054 درخواستیں داخل کی گئیں اور 10091 خاندانوں میں فی کس 51,000/- روپئے کی رقم جاری کردی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 3745 درخواستیں جانچ اور یکسوئی کے مرحلہ میں ہیں اور 150درخواستیں رقم کی اجرائی کی منتظر ہیں۔ اس طرح محکمہ اقلیتی بہبود نے اس اسکیم پر عمل آوری میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2اکٹوبر 2014 سے اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوا اور اس تاریخ کے بعد سے انجام پانے والی شادیاں اسکیم سے استفادہ کی مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں اس اسکیم سے غریب خاندانوں کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ کئی مواضعات میں شادی کے اخراجات کی تکمیل کے باوجود غریب خاندانوں کو کچھ رقم کی بچت ہوئی۔ انہوں نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے بھرپور استفادہ کریں کیونکہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی، معاشی اور سماجی پسماندگی کے خاتمہ میں سنجیدہ ہے۔