شادی سے دو روز قبل لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل

جنپور۔/6جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) یو پی میں عصمت ریزی کے بڑھتے ہوئے واقعات میں ایک اضافہ اسوقت ہوا جب موضع بدھونا کے بکشا پولیس اسٹیشن کے تحت علاقہ میں ایک 19 سالہ دلت لڑکی کی اُسکی شادی سے صرف دو روز قبل عصمت ریزی اور قتل کا اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بتایاکہ جمعرات کو لڑکی کی شادی ہونے والی تھی لیکن آج اس کی نعش اس کے ہی مکان کے قریب پائی گئی جہاں قاتلوں نے اس کا گلا کاٹ دیا تھا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کیا جہاں سے ملی رپورٹ میں اس بات کی توثیق ہوگئی کہ قتل سے قبل لڑکی کی عصمت ریزی کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ قتل میں ایک سے زائد افراد ملوث ہیں۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ملنے کے بعد متوفیہ کے ارکان خاندان نے احتجاجی دھرنا دیا ۔

بس حادثہ میں 29 افراد زخمی
جموں۔/6جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے راجوری ڈسٹرکٹ میں پیش آئے ایک بس حادثہ میں 29زائرین زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ بس جموں سے ریاسی میں واقع شیو خوری نامی ہندو آشرم کی جانب جارہی تھی لیکن ترایت بیلٹ پہنچنے پر ڈرائیور بس پر کنٹرول کھو بیٹھا اور تیز رفتار ہونے کی وجہ سے بس اُلٹ گئی جس میں سوار 29یاتری زخمی ہوگئے جنہیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔