سیاست و ایم ڈی ایف کا دوبدو پروگرام، جناب عابد صدیقی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 27 اپریل (دکن نیوز) ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام آج گولکنڈہ گارڈن فنکشن ہال مہدی پٹنم رنگ روڈ میں مسلم لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں 30 واں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہوا جس میں 2000 سے زائد والدین و سرپرستوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جلسہ شعور بیداری منعقد کیا گیا جس کی صدارت جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کی۔ اُنھوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ شادی بیاہ کے معاملات میں اسلامی تعلیمات کو ملحوظ رکھیں اور تمام لعنتوں سے بچیں جو ہمارے معاشرے کی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارے رہن سہن، طرز زندگی اور طرز عمل میں تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں لیکن شادی بیاہ کے معاملات میں ابھی تک جہیز، لین دین، فضول خرچی اور ریاکاری جیسی بُرائیوں سے نجات نہیں پاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ لڑکے و لڑکی کے انتخاب میں بھی ہم کو چاہئے کہ مذہبی خاندان اور شرافت و کردار کو اولین ترجیح دیں ورنہ صرف دولت کو معیار بنانے سے ہمارے بچوں کی ازدواجی زندگی اختلافات کی نظر ہورہی ہے۔ جناب محمد عبدالوہاب قادری سابق ڈی ایس پی کرناٹک، ممتاز این آر آئی جناب محمد احمد نواز خان (شارجہ دوبئی) ، منیرالدین مجاہد صدر تحریک خیر اُمت، جناب محمد سلیم اعجاز منیر انجینئر، جناب تاج الدین ڈپٹی ڈائرکٹر لوک آیوکت اور جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ڈاکٹر ایس اے مجید، اقبال احمد خان، ایم اے قدیر (نائب صدور)، محترمہ خدیجہ سلطانہ اور احمد صدیقی مکیش بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ جناب خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے ابتداء میں ایم ڈی ایف کا تعارف کروایا اور جلسہ کی کارروائی چلائی۔ حافظ سید فوزان احمد کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جناب خواجہ معین الدین نے نعت شریف پیش کی۔ دوبدو ملاقات پروگرام میں جناب محمد حنیف، جناب صالح بن عبداللہ باحازق، جناب سید افتخار مشرف سابق اسپیشل آفیسر نیوز سرویس، جناب سید اصغر حسین، محمد عبدالکبیر کے علاوہ دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر دردانہ، جناب شاہد حسین، محمد برکت علی، سید ناظم الدین، احمد صدیقی مکیش، عابدہ بیگم، ریحانہ نواز، محمد احمد، کوثر جہاں، ضیاء رشید، انجم نظام، محترمہ ترنم، وحیدہ خاتون، محمد نصراللہ خان، محمد سمیع الدین، عرشیہ عامرہ، عبدالصمد خان، نثار احمد ایڈوکیٹ، ماجد انصاری اس موقع پر گریجویٹس، انجینئرس، میڈیسن، پوسٹ گریجویٹس، ایم بی اے، ایم سی اے، ایس ایس سی، حافظ، عالم و فاضل، انٹرمیڈیٹ و دیگر تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے کاؤنٹرس قائم کئے گئے۔ اس کے علاوہ جناب زاہد فاروقی انچارج کمپیوٹر سیکشن کی نگرانی میں علیحدہ کمپیوٹر سیکشن قائم کیا گیا تھا جس میں والدین و سرپرستوں نے کمپیوٹرس پر لڑکے و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹا و فوٹوز کا مشاہدہ کیا۔ صبح کی ابتدائی ساعتوں سے ہی فنکشن ہال میں والدین و سرپرستوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ آج نئے رجسٹریشن 346 کروائے گئے۔ تقریباً 25 رشتے اُصولی طور پر آج طے پائے۔ مزاحیہ فنکار جناب حامد کمال کی مقبول عام سی ڈی ’’ریڈی میڈ دلہا‘‘ کا خصوصی اسٹال قائم کیا گیا۔ دوبدو پروگرام کا شام 4 بجے اختتام عمل میں آیا۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے گولکنڈہ فنکشن ہال کے ذمہ داران، پریس، الیکٹرانک میڈیا اور محکمہ پولیس کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے دوبدو پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون و اشتراک کیا ہے۔