شادیوں کے مسئلہ کو حل کرنے مختلف شعبہ حیات کی شخصیتوں کو آگے آنے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 17 جنوری (دکن نیوز) جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ مسلم معاشرہ میں لڑکیوں کی شادی ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے علماء کرام، مشائخین، دانشوروں کے ساتھ ساتھ ادیبوں، شاعروں و فنکاروں کو بھی آگے آنا ہوگا۔ وہ کل شام محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست (عابڈز) میں مشہور مزاحیہ فنکار جناب حامد کمال اور جناب سبحانی کی فلم ’’ریڈیمیڈ دلہا‘‘ پر مشتمل ڈی وی ڈی کی رسم اجراء انجام دے رہے تھے۔ جناب عابد صدیقی صدر مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے اس تقریب رسم اجرائی کی صدارت کی۔ جناب ظہیرالدین علی خان نے حامد کمال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی کہ انہوں نے ایک سلگتے ہوئے مسئلہ کو طنز و مزاح کے ذریعہ معاشرہ کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی ہے۔

جناب عابد صدیقی نے کہا کہ نکاح کو آسان بنانے اور شادی میں کھانے کے طریقے کار کو ختم کرنے کی مہم کو مقبولیت و کامیابی حاصل ہورہی ہے۔ جناب زاہد علی خان کی زیرقیادت اس تحریک کے انتہائی ثمرآور نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے حامد کمال کو برصغیر کا نامور مزاح کار قرار دیا جنہوں نے اپنی سی ڈی کے ذریعہ شادی بیاہ کے معاملے میں ہورہی خرابیوں کو نہایت فنکاری کے ساتھ پیش کیا ہے۔ ابتداء میں جناب حامد کمال نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سی ڈی کو ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کے نام معنون کیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ بھی سماجی موضوعات پر خاکے و سی ڈیز تیار کریں گے۔ مشہور گلوکار خان اطہر نے کارروائی چلائی۔ اس تقریب میں ریڈی میڈ دلہا کے ڈائرکٹر جناب نعیم احمد، احمد صدیقی مکیش ، نصراللہ خان، محمد تاج الدین ڈی ایس پی لوک آیوکت، معززین شہر کے علاوہ فنکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ جناب حبیب قدیر نے اپنے مزاحیہ خاکوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر ریڈی میڈ دلہا کے فنکاروں جناب ارشد نواب، ثناء، عابد خان، عائشہ جلیل، حبیب قدیر، محمد سلیم الدین، معین خان، حاجی کمال اور بہت سارے فنکار موجود تھے۔ اس موقع پر ریڈی میڈ دلہا کے کچھ منتخب مناظر کو اسکرین پر دکھایا گیا۔