شادیوں کو فضول خرچی سے پاک بنانے کی ضرورت

روزنامہ سیاست کی تحریک کے مثبت نتائج، جناب فاروق حسین کا بیان
حیدرآباد۔ یکم دسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے شادیوں میں فضول خرچی کم کرتے ہوئے دیگر اقوام کے لئے مثالی نمونہ بننے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست صرف صحافتی خدمات تک محدود نہیں ہے، بلکہ فلاحی کاموں اور سماج میں پائی جانے والی برائیوں کو دور کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ شادیوں میں اسراف کے خلاف ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے جو مہم شروع کی ہے، یعنی ایک کھانا اور ایک میٹھا، اس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دوبدو ملاقات پروگرام کے ذریعہ لڑکیوں کی شادیوں کو آسان بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست شادیوں میں گانا بجانا اور غیر ضروری اخراجات کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، جب کہ محکمہ پولیس رات دیر گئے تک تقاریب کے انعقاد کو روکنے کے لئے قانون سازی کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو قابل ستائش ہے۔ انھوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ قانون بننے سے قبل وہ اپنے اندر تبدیلی لائیں اور شادیوں کی فضول خرچی پر قابو پاتے ہوئے رات دیر گئے تک تقاریب کے انعقاد سے گریز کریں۔ انھوں نے کہا کہ جامعہ نظامیہ نے اس سلسلے میں فتویٰ جاری کردیا ہے، لہذا اس پر عمل آوری ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔