شادیوں میں ’ ایک کھانا اور ا یک میٹھا ‘ پر مہم

یکم مارچ کو افتتاحی اجلاس ، جناب زاہد علی خاں اور علماء ، دانشوران کی شرکت و مخاطبت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : تحریک مسلم شبان کے پریس نوٹ کے بموجب شادیوں میں اسراف ، بے شمار لوازمات کے کھانے اور ان کھانوں پر لاکھوں روپئے کا صرفہ اس کے علاوہ جہیز، لین دین ، جوڑے ، گھوڑے ، ناچ گانا ، آتش بازی ، آرکسٹرا ہماری شادیوں کے دینی جذبہ کو تار تار کررہے ہیں ۔ شادی ایک مذہبی حکم اور اللہ کے رسول کی سنت ہے اس مبارک اور مسعود محافل کو ہم اللہ کی ناراضگی کے ذریعہ پورا کررہے ہیں ۔ دولت مند لاکھوں کے کھانے اور شان و شوکت کے مظاہرے کے لیے بے دریغ رقم خرچ کرتے ہیں ۔ مگر سماجی مسابقت کے لیے غریب اور متوسط طبقات اس بھنور میں بہت برے طریقہ سے گرفتار ہیں ۔ سود ، قرض ، مکانات کے رہن جیسے مسائل سے لڑکی والوں کو ان سماجی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے گذرنا پڑتا ہے ۔ شادیوں میں اسراف آج امت کے ذی شعور افراد کے لیے اضطراب کا باعث ہے ۔ ہماری شادیوں میں 20 تا 25 فیصد کھانا ضائع ہوجاتا جو کچرے کی کنڈی کی زینت بن جاتا ہے ۔ ضرورت مندوں کی نگاہیں حسرت و یاس سے ان اسراف والی شادیوں کو درد بھری نگاہوں سے دیکھتی ہیں ۔ مولانا حافظ خالد علی خاں ترجمان تحریک مسلم شبان ، جناب پرویز حیدر معتمد تحریک مسلم شبان ، جناب ایم اے غفار نائب صدر ، جناب عبدالحمید شوکت ، جناب سید عارف قادری کے بموجب تحریک مسلم شبان ’ شادیوں میں ایک کھانا ایک میٹھا ‘ کی مہم شروع کررہی ہے جس میں تمام مسلم جماعتوں اور تحریکات کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے ۔ اس مہم کا افتتاحی اجلاس یکم مارچ بہ روز اتوار منعقد ہوگا ۔ جس میں جناب زاہد علی خاں مدیر اعلی روزنامہ سیاست سرپرست مہم کے علاوہ علمائے کرام ، مشائخین عظام ، قائدین ، دانشوران ملت ، انجمنوں اداروں کے سربراہان علاقہ تلنگانہ سے شرکت کریں گے ۔ دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں ۔ دلچسپی رکھنے والے نوجوان و دیگر حضرات صداقت ہاؤس ملک پیٹ قدیم نزد پانی کی ٹانکی پر صبح 9 تا 1 بجے ربط کرسکتے ہیں ۔۔