جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست سرپرستی کریں گے ، علماء ، دانشور اور معزز شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : کل بازار گھاٹ وجئے نگر کالونی مسجد حسینی میں صبح 10-30 بجے دن شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا کی مہم کا افتتاحی اجلاس عام مقرر ہے جس کی سرپرستی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ جب کہ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نگرانی کریں گے ۔ شہر کی مساجد میں آج ایک کھانا ایک میٹھا ، شادیاں سادگی سے کرنے ، ناچ گانوں ، جوڑے گھوڑے ، اسراف پرتکلف کھانوں کے نام پر لاکھوں روپئے کے خرچ کے خلاف خطیب صاحبان نے خطابات کیے ۔ جامع مسجد سکندرآباد میں مولانا فصیح الدین نظامی نے خطاب کرتے ہوئے شادیوں میں اسراف اور امت کی تباہی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ جامعہ مسجد ملے پلی میں بھی اسی عنوان پر خطاب کیا گیا ۔ اس کے علاوہ جامع مسجد افضل گنج میں مولانا انعام الحق نے مخاطب کیا ۔ دارالشفاء مسجد میں مولانا جعفر پاشاہ نے شادیاں سادگی سے کرنے کے عنوان پر خطاب کیا ۔ اس کے علاوہ مغل پورہ ، سلطان شاہی ، یاقوت پورہ ، کالی قبر ، دارالشفاء ، چلکل گوڑہ ، مشیر آباد ، ایرہ گڈہ ، سلطان نگر ، بورا بنڈہ ، ملک پیٹ ، چنچل گوڑہ ، نامپلی ، ملے پلی ، وجئے نگر کالونی ، ٹولی چوکی ، سے بھی اطلاعات ملی کے بعض مساجد میں ان علاقوں میں ایک کھانا ایک میٹھا ، شادی سادگی سے کے عنوانات اور معاشرے کی برائیوں کے خلاف مہم کی حمایت میں خطابات ہوئے ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے یاقوت پورہ مسجد احسن اللہ خاں میں خطاب کرتے ہوئے مسلم معاشرے برائیوں اور معاشی بحران پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے ملت کو اس مہم میں بھر پور تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ نوجوانوں کو علاقہ واری اس مہم میں حصہ لینے اور مساجد کو مرکز بنانے پر جناب محمد مشتاق ملک نے زور دیا ۔ اتوار صبح 10-30 بجے مسجد حسینی وجئے نگر کالونی کے اجلاس میں بلا مسلک و عقیدہ کلمہ کی بنیاد پر شرکت کی عامتہ المسلمین سے جناب محمد مشتاق ملک نے اپیل کی ۔ آرگنائزنگ کمیٹی ایک کھانا ایک میٹھا ، جناب محمد مسکین احمد ، جناب ایم غفار ، جناب شوکت ، جناب عارف قادری ، جناب پرویز حیدر نے بتلایا کہ نماز جمعہ سے قبل شہر کی بیشتر مساجد میں اس مہم میں تعاون کا اعلان کیا گیا اور کئی خطیب حضرات نے اس عنوان پر مخاطب کیا ۔ آرگنائزنگ کمیٹی نے ملت کی تمام جماعتوں ، علماء کرام ، مشائخین عظام سے گزارش کی کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے حمایت فرمائیں اور عامتہ المسلمین کثیر تعداد میں شرکت کریں ۔۔