ملبورن۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی ایک نوجوان لڑکی کو اپنے ہندوستانی دوست کو قتل کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں کی ملاقات ایک ڈیٹنگ ایپ ’’کے ذریعہ ہوئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق 18 سالہ جیمی ڈولہیگائی کو اپنے ہی مکان پر 25 سالہ ہندوستانی طالب علم مولین راتھوڑ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی پاداش میں گزشتہ ہفتہ گرفتار کیا گیا۔ حملہ کے بعد ہندوستانی لڑکا ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا تھا۔ پولیس تحویل سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعہ ملبورن مجسٹریٹ کورٹ میں حاضری کے دوران لڑکی بالکل بے نیاز نظر آئی جس نے اپنا سر جھکا رکھا تھا۔ لڑکی پر اقدام قتل اور قتل دونوں کی فردجرم عائد کی گئی ہے۔ دونوں کی جان پہچان ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعہ ہوئی تھی اور بعدازاں دونوں نے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دریں اثناء آسٹریلیا میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ متوفی کے اہل خاندان سے مسلسل ربط میں ہے۔ جن حالات میں راتھوڑ کی موت ہوئی ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے راتھوڑ کی نعش ہندوستان بھیجنے میں تاخیر ہوسکتی ہے کیوں کہ اس نوعیت کی اموات پر ضابطہ کی کارروائی طویل ہوجاتی ہے۔ مولین راتھوڑ اکاونٹنسی کی تعلیم حاصل کرنے چار سال قبل آسٹریلیا آیا تھا۔