عملہ کو تربیت ، 16 مئی کو 8 بجے صبح گنتی کا آغاز ہوگا
حیدرآباد۔/6مئی، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے 15اسمبلی حلقوں میں 16مئی کو ووٹوں کی گنتی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 16مئی کو صبح 8بجے سے شہر کے مختلف مراکز پر ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر حیدرآباد اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سومیش کمار نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور رائے شماری میں حصہ لینے والے عملے کو ضروری ٹریننگ دی گئی ہے تاکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل بہتر طور پر انجام دیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ رائے شماری میں شامل عملے کو تین مرحلوں میں ٹریننگ دی گئی اور وہ ووٹوں کی گنتی سے ایک دن قبل اپنے متعلقہ مراکز پہنچ جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر متعلقہ حلقہ کے پولیس اسٹیشنوں کی تعداد کے لحاظ سے کاؤنٹنگ ٹیبلس لگائے جائیں گے اور ہر ٹیبل پر 4افراد تعینات ہوں گے جن میں ایک مائیکرو آبزرور ہوگا جس کا تعلق مرکزی حکومت کی خدمات سے ہوگا۔ ان کے علاوہ ایک کاؤنٹنگ سپر وائزر اور کاؤنٹنگ اسسٹنٹ بھی موجود رہیں گے۔ ووٹنگ مشین کے باکس کی منتقلی کیلئے ایک ہلپر کو تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے کام کے سلسلہ میں 900عہدیداروں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں ٹریننگ دی گئی۔گنتی کے مراکز پر مزید 400افراد کو دیگر اُمور میں تعاون کیلئے تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ قواعد کے مطابق اسمبلی اور پارلیمنٹ کیلئے 7 کاؤنٹنگ ٹیبلس کی گنجائش ہے تاہم مرکزی الیکشن کمیشن سے ٹیبلس کی تعداد میں اضافہ کے سلسلہ میں نمائندگی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر اسمبلی حلقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 200سے زائد ہے اور بعض میں 250سے زائد اسٹیشنس ہیں لہذا ووٹوں کی گنتی 36تا37 راؤنڈ پر مشتمل ہوگی۔ صبح 8بجے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور راؤنڈ کیلئے تقریباً 20منٹ درکار ہوں گے۔ ابتدائی راؤنڈز کی گنتی میں کسی قدر تاخیر ہوسکتی ہے تاہم آخری راؤنڈز تیزی سے مکمل ہوجائیں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ تمام مراحل 10تا12گھنٹوں میں مکمل کرلیئے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور چیف الکٹورل آفیسر نے عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ وہ زائد ٹیبلس کے ذریعہ چھ تا سات گھنٹوں میں نتیجہ کا اعلان کردیں۔ اس سلسلہ میں سنٹرل الیکشن کمیشن سے ہر مرکز پر زائد ٹیبلس لگائے جانے کی اجازت کا انتظار ہے۔