س10 ستمبر سے قبل تلنگانہ اسمبلی کی تحلیل متوقع

ملک کی چار ریاستوں کیساتھ انتخابات کروانے حکمت عملی، چیف منسٹر کے سی آر کا حالات پر گہرائی سے جائزہ
حیدرآباد 24 اگسٹ (سیاست نیوز) ملک کی 4 ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کرانے کے لئے 10 ستمبر سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کرنا لازمی ہے۔ تب ہی قبل ازوقت انتخابات کرانا ممکن ہے۔ الیکشن کمیشن کو کسی بھی ریاست میں انتخابات کرانے کے لئے 90 تا 100 دن درکار ہوتے ہیں۔ تلنگانہ میں قبل ازوقت انتخابات کرانے کے معاملے میں ٹی آر ایس قیادت سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ اگر سب کچھ ٹی آر ایس کے حق میں رہا تو چیف منسٹر کے سی آر 10 ستمبر سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کرسکتے ہیں۔ ٹی آر ایس کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ٹی آر ایس میں جلدی انتخابات کرانے کے معاملے میں سرگرم مشاورت جاری ہے۔ چیف منسٹر نے وزراء کو انتخابات کی تیاریاں شروع کردینے کے بھی اشارے دے دیئے ہیں۔ 10 ستمبر سے پہلے اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سفارش کرنے پر میزورم، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان کے ساتھ تلنگانہ کے بھی انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ میزورم میں 15 ڈسمبر تک انتخابی عمل مکمل ہوجانا چاہئے۔ چھتیس گڑھ کا انتخابی عمل 5 جنوری، 7 جنوری تک مدھیہ پردیش اور 20 جنوری تک راجستھان میں انتخابی عمل مکمل ہوجانا چاہئے۔ الیکشن کمیشن جب 4 یا 5 ریاستوں کے ایک ساتھ انتخابات کرانا چاہتا ہے تو سب سے پہلے جس ریاست کی انتخابی میعاد مکمل ہورہی ہے اُس لحاظ سے دوسری ریاستوں کے انتخابات ایک ساتھ کرادیتا ہے۔ الیکشن کمیشن 4 ریاستوں میں 15 ڈسمبر سے قبل انتخابات کرانے کی تیاری کررہا ہے۔ اگر 10 ستمبر سے قبل تلنگانہ اسمبلی تحلیل کی جاتی ہے تو دوسری 4 ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ میں بھی انتخابات منعقد کرانے کی راہ ہموار ہوگی۔ عام طور پر کسی بھی ریاست میں عام انتخابات کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو 90 تا 100 دن درکار ہوتے ہیں۔ پہلے فہرست رائے دہندگان تیار کرنا پڑتا ہے۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن، چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انتخابی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت دیتا ہے۔ اہم امتحانات اور دوسری رکاوٹوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی انتخابی عمل کا آغاز کیا جاتا ہے۔ پھر عملے کو تربیت دی جاتی ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ کی جاتی ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں پہلے سے موجود انتخابی ڈاٹا کو خالی کیا جاتا ہے، پھر تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔