ریاست کو خصوصی موقف مسئلہ پر مرکز کی خاموشی پر تنقید ، ڈاکٹر کے نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔8ستمبر(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی قومی عاملہ کے رکن ڈاکٹر کے نارائنا نے ریاست آندھرا کے خصوصی موقف کے متعلق مرکزی حکومت کے رویہ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور آندھرا میںبرسراقتدار تلگودیشم حکومت کو این ڈی اے دوم سے باہر آنے کا مطالبہ کیا۔ آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنا نے کہاکہ آندھرا پردیش تنظیم جدید 2014کی منظوری کے وقت اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے وینکیا نائیڈو نے آندھرا کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا من موہن سنگھ حکومت سے مطالبہ کیا تھا اور اب جب خود مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے تو ان حالات میں آندھرا کی ترقی کے لئے صرف پیاکیج کی فراہمی پر اکتفاء آندھرائی عوام کے ساتھ دھوکے کے مترادف ہے۔ نارائنہ نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا دونوں تلگوریاستوں کی ترقی کے لئے خصوصی مراعات کی پہلے سے ہی حمایت کرتی آرہی ہے مگر جو وعدہ ریاست آندھرا کے ساتھ کیا گیا تھا اس سے انحراف پر سی پی آئی خاموش نہیںبیٹھے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست آندھرا کو خصوصی موقف کی فراہمی کے متعلق 10ستمبر کے آندھرا بند کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی مکمل تائید وحمایت حاصل ہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے نئے اضلاع کی تشکیل میںروی نارائن ریڈی کے نام سے ایک ضلع موسوم کرنے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ انہو ںنے کہاکہ تلنگانہ مصلح جدوجہد میں اہم رول ادا کرنے والے ممتاز کمیونسٹ لیڈر کے نام سے ضلع کا قیام انہیں حقیقی معنی میںخراج عقیدت پیش کرنا ہوگا۔