سی ڈی تنازعہ، سی بی آئی تحقیقات سے حقائق کے انکشاف کی توقع: چیف منسٹر چھتیس گڑھ

رائے پور 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے بموجب اقتدار کے لئے اوچھی سیاست کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ نے آج کہاکہ سی بی آئی تحقیقات سے اُن کی حکومت جنسی سی ڈی تنازعہ کے بارے میں حقائق کا انکشاف کرنے کے قابل ہوگی۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایک ریاستی وزیر اِس معاملے میں ملوث ہیں۔ چیف منسٹر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ کانگریس ایسی اوچھی سیاست سے اقتدار کی خاطر کام لے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم سیاست میں ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ عوام کی خدمت کا ایک ذریعہ ہے۔ ہماری پارٹی کبھی سوچ بھی نہیں سکتی کہ غیر اخلاقی حرکات کا ارتکاب سیاسی فوائد کے لئے کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے کل جن کی سی ڈی کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کی ہے جس میں مبینہ طور پر ریاستی وزیر پی ڈبلیو ڈی راجیش منت ملوث ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سی بی آئی کی تحقیقات سے تمام حقائق کا انکشاف ہوجائے گا۔ ریاستی وزیر مال پریم پرکاش پانڈے نے کل کہا تھا کہ سی ڈی ’’جعلی‘‘ ہے۔